بھارتی فوجی سربراہان اپنی قوم کے سامنے بے نقاب ہوگئے، شیخ رشید


اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھارتی فوجی سربراہان کی جانب سے پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ آج وہ اپنی قوم کے سامنے بے نقاب ہوگئے۔

اپنے ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ آج ہندوستان کی نیوی، ایئر فورس اور بری فوج کے ترجمان نے پریس کانفرنس کی جس کے دوران ان کے پاس صحافیوں کو جواب دینے اور مطمئن کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب کسی صحافی نے پوچھا کہ ایف 16 کہاں گرایا ہے تو انہوں نے ایک چلے ہوئے میزائل کا ٹکڑا دکھایا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جب ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ کہتے تھے کہ 350 آدمی ہم نے جبہ، بالا کوٹ میں مارے ہیں تو اس کا کوئی ثبوت دیں تو انہوں نے فرار اختیار کرلی۔

مزید پڑھیں: بھارتی پائلٹ کو کل رہا کر دیا جائے گا، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ آج انڈیا کے تینوں فوجوں کے سربراہان اپنی قوم کے سامنے بے نقاب ہوگئے جس سے پاک فوج اور پاکستان کی فضائیہ کا جھنڈا مزید بلند ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ وزیراعظم عمران خان امن کی بات کرتے ہیں، بجائے اس کے کہ وہ شکریہ ادا کرتے انہوں نے کہا کہ یہ جینیوا قانون ہے اور ہمارے پاس جب پائلٹ آجائے گا تب بات کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ہندوستان کی قیادت میڈیا پر نہیں آئی، کسی مودی کی دھمکی یا گیڈر بھپکی نہیں تھی، آج انڈین فورسز نے اپنی عوام کے سامنے گری ہوئی امیج کو بہتر کرنے کی ناکام کوشش کی۔


متعلقہ خبریں