بھارتی دہشت گردی جاری، بھارتی یوم جمہوریہ پر کشمیر میں یوم سیاہ

فائل فوٹو


سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا جب کہ بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مسلسل بھارتی دہشت گردی جاری ہے۔ سرینگر کے گاؤں خونموہ میں مزید دو بے گناہ کشمیریوں کو نام نہاد آپریشن کی آڑ میں گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔

کشمیری رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بھارت نام نہاد آپریشن کی آڑ میں کشمیری نوجوانوں کو چن چن کو شہید کر رہا ہے جب کہ عالمی اسلام کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔

بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر آج مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔

بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بھارت 71 سال سے کس جواز کے تحت آزادی کا جشن منا رہا ہے جب کہ بھارت نے پوری مقبوضہ وادی کا حق آزادی چھینا ہوا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں سے اقوام متحدہ اور سیکیورٹی کونسل ریزولیشن کا دیا ہوا حق چھینا ہے۔ بھارت کی دہشت گرد فوج اور ریاستی مشنری ہمیں پیلٹ گنوں سے نشانہ بناتی ہے۔ دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کا جواب دینا ہو گا۔

برسلز میں بھی بھارتی سفارتخانے کے باہر کشمیریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کشمیر کونسل ای یو بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر کر رہی ہے۔

کشمیری 26 جنوری بھارتی یوم جمہوریہ کو ہرسال یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔

بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر دنیا بھر میں سکھ کمیونٹی نے بھی احتجاج کیا جب کہ واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے کے باہر بھی احتجاج کیا۔


متعلقہ خبریں