عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی کو پنجاب میں اہم ٹاسک سونپ دیا

فوٹو: فائل


لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے ایک ون ٹو ون ملاقات کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کو سینیٹ الیکشن سمیت پنجاب میں دیگر اہم ٹاسک دے دیے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے لاہور کے دورے میں صوبائی اسپیکر، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، کابینہ کے اراکین اور اراکین اسمبلی سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پنجاب اسمبلی کی بہتر کارکردگی پر چوہدری پرویز الٰہی کی تعریف کی اور پارلیمانی امورپر تبادلہ خیال بھی کیا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ، اسپیکر، اراکین کابینہ و اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اعلان  کیا کہ ناداروں کو عارضی وقت کے لیے دو وقت کی روٹی ملے گی اورسٹرکوں و فٹ پاتھوں پر سونے والوں کو چھت دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں زرعی شعبے کو تحقیق کے میدان میں یکسرنظرانداز کیا گیا لیکن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا اہم ترین ایجنڈا ہی زرعی شعبے کی ترقی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم اپنے دورہ لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، اسپیکرصوبائی اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور اراکین اسمبلی سے بات چیت کررہے تھے۔

ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ دوران ملاقات وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ حکومت اور اس کے اتحادی پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام کا مسودہ پیش کر نے کی پوزیشن میں ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق قیادت کی مرضی و منشا سے عین ممکن ہے کہ پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلا س میں نئے بلدیاتی نظام کا مسودہ پیش کردیا جائے۔

اراکین اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کو عوامی مسائل کے حل کےلیے اپنی اپنی آرا سے آگاہ کیا اور تجاویز بھی پیش کیں۔ پنجاب کابینہ کے اراکین نے بھی ان سے ملاقات کی اور اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے ابتدائی دنوں میں ہی وفاق اور صوبوں میں حکومت کی بنیاد درست سمت میں رکھ دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف شفاف حکومت کا ایجنڈا لے کر آگے بڑھ رہی ہے۔

پنجاب کابینہ کے اراکین کو انہوں نے ہدایت دی کہ اپنے محکموں سے کرپٹ عناصر کا خاتمہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ زراعت کی ترقی کے لیے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مالی تعاون فراہم کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے حلقوں میں روابط کو مضبوط کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے طویل المدت اقدامات پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف جاری اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ جاری آپریشن کو مزید تیز کیا جائے اور ہر قیمت پر اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آپریشن بلاامتیاز و بلاتفریق ہو۔

ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے وزیر ہاؤسنگ کو ہدایت کی کہ جلد از جلد لاہور کے ہاؤسنگ پروجیکٹ پر کام مکمل کیا جائے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ اراکین سے بات چیت میں واضح کیا کہ جس رکن کی بھی کارکردگی ٹھیک یا درست نہیں ہوگی اس سے قلمدان واپس لے لیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں