اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی کوتاہی یا غیر ذمہ داری کی وجہ سے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں دس لاکھ سرکاری ملازمین حق رائے دہی استعمال نہیں کر سکیں گے۔
ہم نیوز کے مطابق خدشہ ہے کہ صرف کراچی میں حق رائے دہی استعمال نہ کرسکنے والے سرکاری ملازمین کی تعداد 65 سے 70 ہزار ہوگی۔
اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہوگی کہ سرکاری ملازمین دیگر اہل وطن سے پولنگ اسٹیشنوں پو ان کا حق رائے دہی استعمال کروا رہے ہوں گے اور ووٹ ڈالنے مطلوبہ پولنگ اسٹیشن پر پہنچنا ان کے لیے ناممکن ہوگا۔
انتخابی عملے میں شامل کئی افراد نے ہم نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ پوسٹل بیلٹنگ کے طویل طریقہ کار ہی سے لاعلم ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی انتخابات سے قبل تمامتر توجہ انتخابی ڈیوٹیاں لگانے پر ہوتی ہے اس لیے وہ دیگر امور کی جانب توجہ نہیں دے پاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس کا منطقی نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ دیگر ہم وطنوں سے ووٹ ڈلوانے والے سرکاری ملازمین کی اکثریت اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کرپاتی ہے۔
الیکشن کمیشن حکام بھی اس حقیقت کا اعتراف کرتے ہیں کہ پوسٹل بیلٹنگ کا طریقہ کار پرانا و دشوار ہے اور انتخابی عملے کو اس کی بروقت اور مناسب معلومات بھی فراہم نہیں کی جاتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان بیرون ملک اور دوسرے شہروں میں مقیم پاکستانیوں کے لیے آن لائن ووٹنگ سسٹم پر کام ضرورکررہا ہے لیکن 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں اس کا ستعمال نہیں ہوسکے گا۔