اٹک: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان آئی جے آئی ٹو کا حصہ ہیں۔ اپنی پہلی الیکشن مہم کے دوران انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کا مقابلہ معاشی ناانصافیوں اور عوام کی محرومیوں سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست محبت اور خدمت کی سیاست ہے، ہمارا صرف سیاست کا نہیں بلکہ نسلوں اور وفا داریوں کا رشتہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف کی سیاست ظلم کی سیاست ہے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہمارا منشور ہمیشہ انقلابی رہا ہے، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ انقلابی کام کیے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین جتنی مرضی سازشیں کرلیں ہم انقلابی کام کرتے رہیں گے۔
اٹک میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ملک کی 60 فیصد آبادی غذائی قلت کا شکار ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم بھوک، غذائی قلت اور بے روزگاری کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا منشور ہمیشہ کسان دوست رہا ہے، اپنی آئندہ حکومت میں کسان کو’ بے نظیر کسان کارڈ ‘ دیں گے جس پر کسان کو سبسڈیز ملیں گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سندھ میں آٹھ لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ حکومت میں غریبوں کو بلا سود قرضے دیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں ذولفقارعلی بھٹو اور بے نظیر بھٹو والا پاکستان چاہیے اور اگر آپ میرے ساتھ ہو تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نہیں روک سکتی۔
انتخابی جلسے کے شرکا سے انہوں نے کہا کہ آج جس طرح آپ نے استقبال کیا اس سے شہید بے نظیر بھٹو کی یاد تازہ ہوگئی۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ ہمیں ووٹ دیں گے تو ہم آپ کے مسائل حل کرسکیں گے، نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے اور ہماری حکومت میں کھانے پینے کی اشیا کم قیمتوں پر دستیاب ہوں گی۔