لاہور: مائیگریشن رپورٹنگ میں ہم نیوز کے بیورو چیف شیراز حسنات کی نیوز اسٹوری نے ٹی وی کیٹیگری میں ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔
یورپی یونین، آسٹرین حکومت اور انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کے تعاون سے ہونے والے ایوارڈز میں ہم نیوز لاہور کے بیورو چیف شیراز حسنات نے گرینڈ پرائز اور پہلی پوزیشن حاصل کی۔
شیراز حسنات نے مائیگریشن اور اس دوران بچوں کے ذہن پر اثرات کے حوالے سے ٹیلیویژن نیوز اسٹوری دی تھی۔
اس حوالے سے شیراز حسنات نے کہا کہ یہ میرے لیے اور ہم نیوز کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ میری اسٹوری ان بچوں پر تھی جو اپنی مرضی کے خلاف اپنے والدین کے ساتھ مائیگریشن کا حصہ ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی نفسیات پر بہت گہرا اثر ہوتا ہے۔
مائیگریشن پر کام کرنے والی تنظیم مائیگرنٹ ریسورس سینٹر کے مطابق ایوارڈز کے لیے پاکستان بھر سے پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کیٹیگریز میں 45 انٹریز موصول ہوئی تھیں۔
پروگرام کی آرگنائزر حنا مقصود نے کہا کہ ایوارڈز کے ذریعے ہمارا مقصد امیگریشن کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے اور ہر سال جو غیرقانونی مائیگریشن میں قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں ان کو بچانا ہے۔
مائیگریشن رپورٹنگ ایوارڈز میں صحافیوں کو بیسٹ اسٹوری پر نقد انعامات اور اعزازی سرٹیفیکیٹس دیئے گئے۔