کرپٹ ٹولے کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے، سینیٹر سراج الحق

کرپٹ ٹولے کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے، سینیٹر سراج الحق | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات میں کرپٹ ٹولے کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دے۔

جمعہ کے روز سپریم کورٹ کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی کی مدت کا تعین ہونے کے بعد اپنے ردعمل میں سراج الحق نے کہا کہ تا حیات نااہل ہونے والے اب استغفار کریں۔

جماعت اسلامی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ پانامہ لیکس میں شامل دیگر 436 افراد کو بھی طلب کرے۔ بینکو ں کو لوٹنے، قرضے معاف کرانے اور دبئی و لندن لیکس والوں سے کوئی رعایت نہ کی جائے۔

سراج الحق نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے پاس کرپشن کے 150 میگا اسکینڈلز ہیں ان پر بھی کارروائی کی جائے۔ کلین پاکستان کیلئے سب کا احتساب ناگزیر ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس اپنی نگرانی میں لوٹی گئی قومی دولت کو واپس لانے کے لئے طریقہ کار وضع کرائیں۔

یہ بھی دیکھیں: آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی تاحیات ہو گی، سپریم کورٹ

سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ حقیقی احتساب بیرون ملک پڑی قومی دولت کی واپسی سے شروع ہو گا۔

جمعہ کو سپریم کورٹ نے آئین کی شق 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیے گئے ارکان پارلیمنٹ کے متعلق محفوظ کردہ فیصلے کا اعلان کیا تھا۔ عدالت عظمی نے حکم دیا کہ نااہل قرار دیے گئے افراد تاحیات نااہل ہوں گے۔

گزشتہ مہینوں کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف اور تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین کو عدالت عظمی نے جھوٹ بولنے اور دھوکہ دہی کی پاداش میں نااہل قرار دیا تھا۔ اس کے بعد یہ بحث شروع ہوئی تھی کہ ارکان پارلیمنٹ کی نااہلی کی مدت کتنی ہو گی؟


متعلقہ خبریں