اسلام آباد: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کرنے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا۔
ہم نیوز کے مطابق انڈین ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کر کے ایل او سی کی شہری آبادیوں پر فائرنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا ہے۔
قائم مقام ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک نے احتجاجی مراسلہ بھی جے پی سنگھ کے حوالے کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج نے یکم مارچ کو آزاد کشمیر میں بھمبر اور سماہنی سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے ظفر اقبال نامی شہری شہید ہو گیا تھا۔
جنوبی ایشیاء اور سارک ڈیسک کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کے مطابق بھارت اب تک سیز فائر معاہدے کی 415 خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق انڈین جارح فوج کی فائرنگ سے اب تک 20 معصوم شہری شہید اور 71 زخمی ہو چکے ہیں۔