پاکپتن: محمد فیاض کو اپنا تیارکردہ جہاز واپس مل گیا



پاکپتن: پاکپتن میں اپنی مدد آپ کے تحت جہاز تیارکرنے والے محمد فیاض کو اپنا جہاز  واپس مل گیا ہے اور سول ایوی ایشن نے بھی ان سے رابطہ کرلیا ہے۔

محمد فیاض نے بینک سے قرض لے کر اور اپنی زمین فروخت کرکے چھوٹا سا جہاز تیار کیا تھا جسے اڑانے پر پولیس نے اسے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا تھا۔

پولیس کا موقف تھا کہ ملزم نے حکومتی اجازت کے بغیرجہازبنایا اور اڑایا، دوران پرواز خطرناک کرتب بھی دکھائے، جس کے نتیجے میں حادثہ بھی پیش آسکتا تھا۔ پولیس کی جانب سے محمد فیاض کا جہاز بھی قبضے میں لے لیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکپتن میں نوجوان کو خود ساختہ جہاز اڑانا مہنگا پڑگیا

عدالت نے محمد فیاض کو تین ہزار روپے جرمانہ کرکے رہا کردیا تھا جس کے بعد محمد فیاض نے حکام سے جہاز واپس کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ جس کے بعد ڈی پی او پاکپتن کی ہدایت پر پولیس نے محمد فیاض کو اس کا جہاز واپس کردیا۔

دوسری طرف ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن حکام نے بھی فیاض سے رابطہ کرلیا ہے۔ حکام کی جانب سے پہلے دفتر بلایا گیا اور پھر آنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے فیاض کو گھر آکر جہاز چیک کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

واضح رہے بغیر اجازت ملک کی فضائی حدود کے استعمال پرپابندی ہے، ایسی کسی بھی کوشش سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی سے باقاعدہ طور پر اجازت لینا ضروری ہے ورنہ پولیس کی جانب سے کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور اسی وجہ سے فیاض کو گرفتار کیا گیا۔


متعلقہ خبریں