کراچی : شائقین موسیقی تیار ہوجائیں کیوں کہ امریکی گلوکار برینڈن ہاورڈ کراچی پہنچ گئے ہیں۔
2010 میں برینڈن کی البم ‘جینیسس’ کو بھرپور پذیرائی ملی تھی۔ سپر ماڈل، کلیرٹی اور ڈانس فلور جیسے گیتوں سے مقبولیت حاصل کرنے والے بی ہاورڈ پاکستان میں کنسرٹ کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔
امریکی گلوکار برینڈن ہاورڈ کراچی میں اپنی ویڈیو شوٹ کرنے پہنچے ہیں جبکہ وہ کنسرٹس میں پرفارم بھی کریں گے۔
برینڈن ہاورڈ 2003 سے ریکارڈ پروڈیوسر کے طور پر کام کررہے ہیں۔ 2000 میں ہاورڈ نے ٹیڈی ریلی، جارڈن سویکف، ماریو ونسن، جیری ونڈا اور وائکلف جین سمیت دیگر پروڈیوسرز کے ساتھ کام کیا۔
2010 میں برینڈن نے اپنے گانے ’ڈانس فلور‘ کے ساتھ اپنے کریئر کا آغاز کیا۔ ان کا عموماً لیجنڈری گلوکار اور ڈانسر مائیکل جیکسن سے موازنہ کیا جاتا ہے جس کی وجہ ان کی موسیقی کا انداز اور برتاؤ کرنے کا انداز ہے۔
برینڈن ہاورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان خوبصورت ملک ہے، یہاں بہت سے سرپرائز ہیں، اس ملک کا مثبت چہرہ دکھانا چاہتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کنسرٹس کے انعقاد کی بھی منصوبہ بندی کی ہے۔ برینڈن ہاورڈ ان دنوں گانے کی ایک ویڈیو شوٹ میں بھی مصروف ہیں جو جلد ریلیز کی جائے گی۔