ٹرینوں میں مزدوروں کے لیے رعایتی کارڈز جاری کرنے کا اعلان

فوٹو: فائل


کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ٹرینوں میں مزدوروں کے لیے ماہانہ رعایتی کارڈ جاری کرنے کا اعلان کر دیا جب کہ گوادر میں ریلوے اسٹیشن اور کراچی میں بھی ٹرین سروس کا جلد آغاز ہو گا۔

شیخ رشید احمد نے اپنے دورہ کراچی کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے پھاٹک لگانے کے لیے اب ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں جب کہ میرا دورہ چین کا مقصد پھاٹک اور کورنگ باڑ لگانے کی بات کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ریلوے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے تاہم اس وقت ہماری سب سے اولین ترجیح ریلوے کی بہتری ہی ہے اور اس وقت ریلوے سی پیک کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔

شیخ رشید احمد نے کراچی شہر میں ٹرین چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں چلائی جانے والی ٹرین میں نو کوچز لگائی جائیں گی جو آئی آئی چند ریگر روڈ سے ٹریفک کے دباؤ میں کمی کا سبب بھی بنے گی۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی بدھ کو دھابیجی ایکسپریس کا افتتاح کریں گے جو صبح چھ بجکر 15 منٹ پر چلے گی اور شام سات بجے واپس آئے گی۔ یکم نومبر کو دھابیجی ٹرین میں مزدوروں کو مفت سفر کی سہولت میسر ہوگی تاہم اس ٹرین کا کرایہ 25، 35 اور 50 روپے ہو گا۔ ٹرینوں میں مزدوروں کے ماہانہ رعایتی کارڈ جاری کیا جائے گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پرانی ٹرینیں ٹھیک کر کے چلائی جارہی ہیں اور 100 دنوں میں دس نئی ٹرینیں چلانے کا ہدف بھی پورا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے کراچی رحمان بابا کے نام سے ٹرین سروس شروع کریں گے جب کہ سکھر سے کراچی ایکسپریس بھی چلائیں گے جب کہ سات ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں وائی فائی کی سروس بھی شروع کر دی گئی ہے تاہم عوام سے اپیل ہے کہ صرف وائی فائی چلانے کے لیے اسٹیشن پر مت آئیں۔

شیخ رشید احمد نے سیاست پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف جیلوں میں بھی عیاشیاں کر رہے ہیں۔ حمزہ شہباز اور سلمان انڈر 19 کے پلیئر ہیں جب کہ بلاول بھٹو اپنے والد آصف علی زرداری کے اثر سے باہر آگئے ہیں۔


متعلقہ خبریں