چیف آف نیول اسٹاف کا پاک میرینز کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ


کراچی: چیف آف نیول اسٹاف، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے سر کریک میں پاک میرینز کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا ہے اور بحری مشق ” سی اسپارک2018 ” کے حوالے سے پاک میرینز کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا ہے۔

ہفتے کے روز پاکستان نیوی کے ڈائریکٹریٹ برائے تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ کریکس ایریا کے مختلف مورچوں میں آمد پر کمانڈرکوسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس اور کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل آصف خالق نے نیول چیف کا خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف(آپریشنز) ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی بھی نیول چیف کے ہمراہ تھے۔

امیرالبحر کو پاکستان کی جنوب مشرقی بحری سرحد پر واقع کریکس ایریا کے دفاع  پر مامور پاک میرینز کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں جامع بریفنگ بھی دی گئی۔

 

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی بحری اور زمینی سرحدوں کے تحفظ کے لیے تندی کے ساتھ جدید ہتھیار اور سازوسامان کے پُر مقصد استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

نیول چیف نے پاک میرینز کے اگلے مورچوں پر تعینات افسروں اور جوانوں کی ہمہ وقت تیاری اورعزم کو بے حد سراہا۔

انہوں نے ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلہ، ہمّت اور قربانی کے عظیم جذبہ کی تعریف بھی کی۔

پریس ریلیز کے مطابق افسروں سے ملاقات کے دوران نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے آپریشنل تیاریوں پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور نہایت نا موافق جغرافیائی ماحول، مشکلات سے بھرپور دلدلی زمین اور غیر متوقع آبی گزرگاہوں کے باوجود ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے جوانوں کے بلند حوصلے اور پختہ عزم کو سراہا۔

قبل ازین نیول چیف نے منوڑہ، کراچی میں قائم جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر(جے ایم آئی سی سی ) کا بھی دورہ کیا۔

اس موقع پر دیگر اسٹیک ہولڈرز کی موجودگی میں نیول چیف کو آپریشنل پہلوﺅں پر جامع بریفنگ دی گئی۔

پاک بحریہ نے پاکستان کے بحری مفادات کی موئثر حفاظت کے لیے تمام میری ٹائم اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو معلومات اور اطلاعات کی بروقت ترسیل کے ذریعے ہم آہنگ کرنے کی خاطر جے ایم آئی سی سی قائم کیا ہے۔


متعلقہ خبریں