سعد رفیق کی عبوری ضمانت میں 14 نومبر تک توسیع

فوٹو: فائل


لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے سنئیر رہنما خواجہ سعد رفیق اوران کے بھائی  خواجہ سلمان رفیق کی پیراگون سوسائٹی کیس میں عبوری ضمانت میں 14 نومبر تک توسیع کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو دونوں بھائیوں کو گرفتار کرنے سے بھی روک دیا ہے۔

سعد رفیق اور ان کے بھائی نے نیب کی جانب سے جاری انکوائری میں ممکنہ گرفتاری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت نے دونوں بھائیوں کی 24 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کی تھی۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ  نےآج  خواجہ برادران کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔

عدالت نے عبوری ضمانت میں 14 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت اسی روز تک ملتوی کر دی۔

اپنی درخواست میں سعد رفیق اور سلمان رفیق نے کہا تھا کہ نیب انہیں غیر قانونی طور پر گرفتار کرسکتا ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ نیب کو ممکنہ گرفتاری سے روکا جائے اور وہ نیب کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔

بعدازاں میڈیا سے گفتکو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے اور میرے بھائی کے خلاف صرف انتقامی کاروائیاں کی جارہی ہیں، مجھے بہت افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان اور ان کی کابینہ کے اراکین انتقامی کارروائی میں ملوث ہیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ مسلسل کی خبریں آرہی ہیں کہ حکومت اپنے مخالفین کو ٹھکانے لگانا چا ہتی ہے اور اس کے لیے انتقام لیا جا رہا ہے۔

سعد رفیق نے کہا کہ حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان کا نظام عدل خطرے میں پڑ چکا ہے، آج مجھے بتایا گیا ہے کہ ریلوے کے حوالے سے بھی کوئی شکایت آرہی ہے، یہ بات شیخ رشید صاحب کر رہے ہیں اور میں یہ ان کی بات سنا رہا ہوں۔

 


متعلقہ خبریں