حکومت بجلی کی قیمتیں بڑھانا چاہتی ہے، خواجہ آصف


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا کہ حکومت پہلے آئی ایم ایف کے نام پر خود کشی کی بات کرتی تھی لیکن اب اسی کے پاس جانا پڑ رہا ہے۔

پروگرام ندیم ملک لائیو میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی کی قیمتیں بڑھانا چاہتی ہے اس لیے اب یہ لوگ بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ تحریک انصاف کے اپنے امیدوار ہی ان کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ حکومت کی مہنگائی بڑھانے کی وجہ سے وہ لوگ ضمنی انتخابات ہارے ہیں۔

پروگرام میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا کہ عمران خان کی ٹیم بہت نا تجربہ کار ہے۔ ہم نے کوشش کی کہ حکومت پر ابھی اتنے جلدی تنقید نہ کریں لیکن اگر ہم نے ایسا نہیں کیا تو عوام ہمیں پکڑیں گے کہ ہم کچھ کیں نہیں بول رہے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے نواز شریف کو یہ دن دیکھایا اور اب اسد عمر عمران خان کو مروائیں گے، انہیں کچھ نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نیت پر کوئی شک نہیں لیکن ان کی ٹیم ٹھیک نہیں ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک نے کہا کہ ہم نے پانچ سال حکومت چلائی ہے اور ایک باقاعدہ بجٹ پیش کیا تھا۔ ہم نے ملک میں بہت سے ترقیاتی منصوبے چلائے اس لیے ہم بتا سکتے ہیں کہ پیسہ کہاں خراب ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا یقین تھا کہ ہم حکومت چلا سکتے ہیں اور ہم نے اچھے طریقے سے حکومت چلائی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد نے کہا کہ نیب پر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔

گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس سخت فیصلے نہ لینے کے علاوہ اور کیا آپشنز تھے؟

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ تین بار اقتدار میں آئے لیکن ملک کا ایک ادارہ بھی ٹھیک نہ کر سکے۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کوشش انسان کرتا ہے، ہم ملک کے حالات بہتر کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں