ریلوے کی ترقی پاکستانی معیشت کی ترقی ہے، شیخ رشید


سکھر: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے کی ترقی پاکستانی معیشت کی ترقی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان عوام کے لیے بہت کام کریں گے اور عوام کا مستقبل روشن ہے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ گیارہ برس پہلے جہاں سکھر میں ریل کی پٹری چھوڑ کر گئے تھے آج بھی وہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو لوٹنے والے انصاف کی بات کررہے ہیں اورسب سے افسوس ناک بات یہ ہے کہ جو کچھ ہمیں ملا اسے درست کرنا اتنا آسان نہیں اسی لیے عوام کو ابھی مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ کراچی کے مزدورں کے لیے کراچی سے لانڈھی تک اور کراچی سے حیدرآباد تک شٹیل ٹرین چلانے کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون منصوبہ چین کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں شامل ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کل صبح وہ ریلوے میں دو نئی ٹرینیں شامل کررہے ہیں جو ایک اچھا اور نیا اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہندوستان کو شکست دینی ہے تو پاکستان ریلوے کو کھڑا کرنا ہوگا اور یہ ہی پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرے گا جبکہ  ایم ایل ون کا منصوبہ بہت کامیاب ہوگا۔

انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ وہ چار صنعتی زونز بناتا چاہتے ہیں۔ خاص طور پر سندھ اور پنجاب میں ریلوے اسٹیشنز کے ساتھ صنعتی زون بنائے جاسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں