سرکاری ٹی وی،ریڈیو ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کے لیے بورڈ قائم


اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان میں تعینات ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کے لیے بورڈ کے قیام کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے تین رکنی بورڈ تشکیل دیا کیا گیا ہے جو پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان میں 2008 کے بعد تعینات کیے گئے تمام ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کرے گا۔

بورڈ سے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا کہ تین رکنی بورڈ ڈائریکٹرجنرل انٹرنل پبلسٹی ونگ اور وزارت اطلاعات کے زیر سرپرستی ڈگریوں کی تصدیق کا کام سرانجام دے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈگریوں کی تصدیق کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا جب کہ ڈگریوں کی تفصیلات کو جانچنے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کا نمائندہ بھی بطور معاون اس عمل کا حصہ ہوگا۔

وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے واضح کیا کہ ڈگریوں کی تصدیق کے عمل کا آغاز متعلقہ اداروں میں موجود سینیئر افسران سے شروع  کیا جائے گا اور اس کے بعد جونئیر افسران سمیت باقی تمام ملازمین کی ڈگریوں کو جانچا جائے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس عمل کے دوران جن افسران کی ڈگریاں تصدیق شدہ ثابت نہیں ہوں گی ان سے وصول کردہ تنخواہیں واپس دینے کا کہا جائے گا اور ایسے لوگوں کو ملازمت پر رکھنے والوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز بھی کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں