جمہوریت شہری کے بنیادی حقوق کی محافظ ہوتی ہے،چیف جسٹس


لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ جمہوریت شہری کے بنیادی حقوق کی محافظ ہوتی ہے اور میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ ملک میں جمہوریت کے سوا کوئی حکومت نہیں ہوسکتی ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے عاصمہ جہانگیر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استاد ہمارے معاشرے کا سب سے مقدس کردار ہے اور میں نے گزشتہ روز ہونے والے واقعہ کا ازخود نوٹس بھی لیا ہے، نپولین نے فاتح بنتے ہی استاد کے گھر پناہ لینے والے کے لیے عام معافی کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے عاصمہ جہانگیر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں عاصمہ جہانگیر سے ہی انسانی حقوق کی اہمیت کو جاننے کا موقع ملا، انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے عاصمہ جہانگیر نے بے مثال کام کیا ہے وہ بہت باہمت خاتون تھیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے لیے آواز اٹھاتی تھیں اور انہوں نے ہی پسے ہوئے طبقے کے لیے آواز اٹھانے کا سلیقہ سکھایا جب کہ مجھے عاصمہ جہانگیر کی ہی وجہ سے انسانی حقوق کے معاملات پرازخود نوٹس لینے کی ترغیب ملی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا پہلا ازخود نوٹس عاصمہ جہانگیر کے کہنے پر ہی لیا تھا۔ وہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کی ایک مضبوط علامت بن کر ابھریں تھیں جب کہ ہماری طرف سے انصاف کے لیے عوام کے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں