کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ اسٹریٹ کرائم ہے، عالمگیر خان



اسلام آباد: حلقہ این اے 243 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوارعالمگیر خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حمایت اپنی جگہ لیکن غلطی پر سب کی مخالفت کی جائے گی۔
ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے سب سے بڑے مسائل میں صفائی، تجاوزات اور اسٹریٹ کرائم شامل ہیں جن کا حل ضروری ہے۔

انہوں نے پروگرام کے میزبان ثمرعباس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی چھوڑی ہوئی نشست پر لڑنا  ان کے لیے ایک اعزاز ہے لیکن یہ ایک بہت بڑی ذمےداری بھی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت میں پہلی مرتبہ نا صرف کراچی کے مسائل کو حل کیا جا رہا ہے بلکہ اس شہر پر توجہ بھی دی جا رہی ہے۔

اسی حلقے میں مرکزی رہنما ایم کیو ایم پاکستان عامرخان کا اپنی ضمنی انتخابات کی تیاری کے حوالے سے کہنا تھا کہ الیکشن میں عوام کے فیصلے کی ہی فتح ہوگی۔

کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ اسٹریٹ کرائمز ہیں، عالمگیر خان

انہوں نے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے جیتی ہوئی نشستیں چھین لی گئیں۔ انہوں نے 25 جولائی کے انتخابات پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھ کر موجودہ حکومت پر زیادہ دباؤ نہیں ڈالا جا رہا لیکن انتخابات میں انصاف نہیں ہوا۔

پروگرام  میں پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر مرتضیٰ وہاب  نے کہا کہ ہم شفاف انتخابات کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی سرمایہ کاروں کی نہیں بلکہ وورکرز کی ہے، ہم گھر گھر جا کر مہم چلا رہے ہیں کیونکہ ہم عوام کے دلوں میں رہتے ہیں۔

پروگرام میں موجود این اے 247  سےتحریک انصاف  کے امیدوارآفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی اولین ترجیح پانی کا مسئلہ حل کرنا ہے کیونکہ اس وقت کراچی کا یہ سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا یہ نشست ان کی جیتی ہوئی ہے اور اس پر دوبارہ جیتنا مشکل نہیں۔

پروگرام میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے کراچی کے شہریوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ایک جانب لوگوں کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات دیکھ کر تحریک انصاف کو ووٹ دینا بیووقوفی ہوگی لیکن دوسری جانب کچھ افراد کا کہنا تھا جہاں کئی سالوں سے ایم کیو ایم کو موقع دیا وہاں اب تحریک انصاف کی ہی حمایت کرنی چاہیے۔

اسی طرح چند لوگوں کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا لائحہ عمل دیکھ کر اب ان کا سیاست اور انتخابات سے دل ہی بھرگیا ہے اسی لیے وہ ضمنی انتخابات میں ووٹ نہیں دیں گے۔


متعلقہ خبریں