انٹر بینک میں روپے کے مقابلہ میں ڈالر دو روپے سستا

Rupees and dollars

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک اور زبردست سہولت کا اعلان


کراچی:انٹر بینک کرنسی مارکیٹ میں جمعہ کے روز کاروبار کے آغاز میں ڈالر کے مقابل روپے کی قدر میں دو روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابل ڈالر کی قدر دو روپے گر گئی ہے۔ کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ حالیہ گراوٹ کے بعد ڈالر کی قیمت 133.80 سے گر کر 131.80 روپے ہو گئی ہے۔

کرنسی ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں استحکام دیکھا جا رہا ہے۔  ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر گزشتہ روز کے نرخ 133 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔

گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 14 پیسے اضافہ کے ساتھ 133.76 روپے سے بڑھ کر 133.90 روپے ہوگئی تھی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے سستا ہوا تھا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 134 روپے 50 پیسے ہو گئی تھِی۔

بدھ  کے روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 38 پیسوں کی کمی  ہوئی تھی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر ایک روپے گر گئی تھی۔ بدھ کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 133 روپے 25 پیسے ہو گئی تھی۔

منگل کو  ڈالر انٹر بینک میں 12 روپے 75 پیسے مہنگا ہو کر137 روپے تک فروخت ہوا تھا تاہم مارکیٹ کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 133 روپے 64 پیسے رہی تھی۔ ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے ایک دن میں پاکستان کے بیرونی قرضوں میں 900 ارب روپے کا اضافہ ہوا تھا۔

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ ڈالر کے مقابل روپے کی قدر گرا کر 145 روپے فی ڈالر کی سطح تک لایا جائے لیکن پاکستانی حکام کا موقف تھا کہ بیرونی اکاؤنٹ کے چیلنج سے نمٹنے کے لے اس مالیاتی سال کے آخر تک شرح تبادلہ 137 روپے فی ڈالر کافی رہے گی۔

آئی ایم ایف سے قرض کی باقاعدہ درخواست کیے جانے کے بعد عالمی مالیاتی ادارے کی شرائط سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔ ان شرائط میں پاکستان سے کہا گیا ہے کہ وہ اب تک حاصل کردہ قرضوں کی تفصیل فراہم کرے۔


متعلقہ خبریں