قومی دولت لوٹنے والے چہرے بے نقاب کیے جائیں، عمران خان


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومتی بیانیے کو بھرپور انداز سے اجاگر کیا جائے گا اورٹی وی  ٹاک شوز میں حکومتی و پارٹی مؤقف بھرپورطریقے سے پیش کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقدہ اعلیٰ سطحیٰ اجلاس میں کیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں فواد چودھری، فیصل واوڈا، نعیم الحق،افتخار درانی، شبلی فراز، فیصل جاوید اور عثمان ڈار نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت کی کارکردگی سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی  اپوزیشن کے احتجاج و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف کی گرفتاری سے متعلق امور بھی زیرغور آئے۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کے معاملے پر عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یہ ہدایت بھی دی کہ قومی دولت لوٹنے والے چہروں کو بے نقاب کیا جائے اور 50 لاکھ گھروں و گرین پاکستان منصوبوں کو اجاگر کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کرپشن کے خلاف میری جدوجہد جاری رہے گی۔

ہم نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے حوالے سے بھی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔


متعلقہ خبریں