تحریک انصاف مشکل وقت کا سامنا کر رہی ہے، عثمان ڈار


اسلام آباد: چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام عثمان ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف مشکل وقت سے گھبرا نہیں رہی بلکہ اس کا سامنا کر رہی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’نیوزلائن‘ میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت بیوروکریسی کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن اس میں وقت لگے گا۔

عثمان ڈار نے بتایا کہ اصلاحات کرنے کا مقصد یہ ہے کہ اداروں میں مداخلت نہ کی جائے، اگرپولیس یا کسی محکمے میں مداخلت کرنی ہوتی تو  اصلاحات کیوں لاتا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تو حکومت کی جانب سے کوئی سختی نہیں کی گئی، سب سے بہت نرمی سے نمٹ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے وقت جو کچھ کیا گیا سب جانتے ہیں۔

ن لیگ کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکمرانوں نے نئی حکومت کے لیے کچھ بھی نہیں چھوڑا۔

پروگرام میں موجود مشیراطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پچھلے پانچ برس مداخلت نہ کرنے کا درس دینے والی پی ٹی آئی اب خود وہی سب کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں آنے کے بعد تحریک انصاف کو بہت دیکھ بھال کر چلنے کی ضرورت ہے اور بہت دھیان سے فیصلے لینے چاہئیں۔

رہنما پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ جب حکومت یو ٹرن لے گی تو پیپلز پارٹی ان کی مخالفت کرے گے اور جب اچھے اقدام کرے گی تو ان کا ساتھ دیں گے۔

پاکستان ن لیگ کے رہنما ملک احمد نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں یہی کہا جاسکتا ہے کہ کھسیانی بلی کھمبا نوچے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بات ہمیشہ اصول کی بنیاد پر بات کرتے ہیں کسی کی حمایت میں نہیں۔

تجزیہ کار بابر ڈوگر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے، ان کو یہ حق ملنا چاہیے تھا۔ تحریک انصاف اپنا وقت نہ بھولے۔


متعلقہ خبریں