نواز، مریم کا ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے وزارت داخلہ سے رابطہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ نون کے تاحیات قائد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر نے اپنے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھے ہیں۔

الگ الگ خطوط میں تینوں نے موقف اپنایا ہے کہ ان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم کسی عدالت نے نہیں دیا اس لیے ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے ہٹائے جائیں۔

مریم نواز نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا اقدام غیر قانونی  ہے کیوں کہ ملک کی کسی عدالت نے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم نہیں دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام اباد ہائی کور ٹ نے انہیں ضمانت پر رہا کرتے ہوئے بھی ایسا کوئی حکم نہیں دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے تینوں افراد کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ اپنی پہلی کابینہ اجلاس میں کیا تھا۔ اس وقت تینوں اڈیالہ جیل میں وہ سزائیں کاٹ رہے تھے جو احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں دی گئی تھیں۔

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے احتساب عدالت کی سزا معطلی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت عالیہ کے ڈویژن بینچ نے تینوں کی سزائیں معطل کرکے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔


متعلقہ خبریں