ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان، کراچی میں گرمی کا راج

ملک کے مختلف حصوں کے درجہ حرارت میں اضافہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ملک کے بیشر حصوں میں ہونے والی بارش کے باعث فضا میں خنکی بڑھنے لگی ہے جو موسم سرما کی آمد کا پیغام دے رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز ملک کے اکثر حصوں میں موسم خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آئندہ دو روز تک موسم خشک رہے گا اور بدھ کے روز کم سے کم درجہ حرارت 13 اور زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

پنجاب کے شہر لاہور، مری، فیصل آباد اور سرگودھا کو موسم آئندہ دو روز تک خشک رہے گا جب کہ ملتان میں ہلکی گرمی پڑنے کا اندیشہ ہے جبکہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے علاقے کوئٹہ، قلات اور بارکھان میں موسم خشک رہے گا جب کہ تربت میں گرمی پڑنے کا اندیشہ ہے اور وہاں کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آئندہ دو روز تک موسم جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔ سب سے زیادہ گرمی کشمیر میں پڑنے کا اندیشہ ہے جہاں درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق سندھ کا موسم آئندہ دو روز تک گرم اور خشک رہے گا۔ کراچی میں گرمی پڑنے کا اندیشہ ہے اور درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جب کہ سکھر اور حیدر آباد میں درجہ حرارت بالترتیب 34 اور 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

خیبرپختونخوا میں ڈی آئی خان آئندہ دو روز تک گرم ترین مقام رہے گا جہاں کا درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جب کہ پشاور، چترال اور دیر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بالترتیب 26، 22، اور 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں