زرمبادلہ کے ڈیڑھ ماہ کے ذخائر باقی رہ گئے ہیں، فواد چوہدری



اسلام آباد: وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس زرمبادلہ کے صرف ڈیڑھ ماہ کے ذخائر باقی رہ گئے ہیں۔

ورلڈ پوسٹل ڈے کے موقع پر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ دس سال میں پاکستان کا قرضہ 28 ہزار ارب روپے ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک چلانے کے لیے رواں سال 28 ارب ڈالر درکار ہیں اور ہم نے آٹھ ارب ڈالر قرض کی مد میں ادا کرنے ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ معیشت چلانے کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں لیکن جتنا مرضی رولیں،احتساب کاعمل جاری رہے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سیاسی بھرتیوں نے اداروں کو تباہ کیا، شیخ رشید نے بتایا کہ سعدرفیق نے حلقے کے آٹھ ہزار لوگ بھرتی کیے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کی کمزوری ریاست کی کمزوری ہے، ہمارا مدعا واضع ہے کہ ہمیں پاکستان پر سمجھوتہ نہیں کرنا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ملک لوٹنے والوں سے پیسہ واپس نکلوانا چاہتے ہیں، لوگوں کو کھانسی بھی آجائے تو لندن جا کرعلاج کراتے تھے۔

تقریب سے خطاب کے دوران وزیراطلاعات نے بتایا کہ  تمام اداروں نے پیسوں کے لیےحکومت پرتکیہ کیے رکھا۔

تقریب کے دوران انہوں نے نصیحت کی کہ محکمہ ڈاک میں بیٹھے لوگوں کو اداراہ چلانے کے لیے سوچنا ہوگا۔


متعلقہ خبریں