معیشت کی بحالی حکومت کی پہلی ترجیح ہے، صداقت عباسی



اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کی سب سے اہم ترجیح معیشت کی بحالی ہے لیکن احتساب کا عمل بھی جاری رہے گا۔

ہم نیوز کے پروگرام ‘نیوزلائن’ میں ڈاکٹر ماریہ ذوالفقارسے بات کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ ابھی تو احتساب کا عمل شروع ہی نہیں ہوا، اب ہر کسی کا احتساب ہو گا۔

شہباز شریف کی گرفتاری پر اظہار خیال کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ کوئی سیاسی فیصلہ نہیں تھا اور اس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت معیشت کی بحالی ہماری پہلی ترجیح ہے اسی لیے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا جس سے اسٹاک مارکیٹ پر منفی اثرات مرتب ہوں۔

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما شائستہ ملک نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف صرف انتقامی سیاست کر رہی ہے اور ابھی تک خود کو کنٹینر پر ہی کھڑا ہوا محسوس کر رہی ہے لیکن ہم کنٹینر پر نہیں چڑھیں گے بلکہ پرامن احتجاج کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ملک محمد احمد نے کہا کہ پچھلے 70  برس میں کرپشن ہوئی ہے لیکن سب کا احتساب نہیں کیا گیا، اس وقت بھی سارے الزامات ایک ہی پارٹی پر لگا دیے گئے۔ حکومت کے پاس کسی کے خلاف ٹھوس شواہد موجود نہیں۔

پروگرام میں موجود ماہر معیشت ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کا تو مینڈیٹ ہی احتساب اور گڈ گورننس ہے لیکن اس سارے عمل کو بہتر طریقے سے ہونا چاہیے۔

 

 

 


متعلقہ خبریں