عمران خان آزاد کشمیر میں پارٹی پر نظرثانی کریں،عامرجمیل

عمران خان آزادکشمیر میں پارٹی پر نظر ثانی کریں، سردار عامر جمیل|humnews.pk

مظفر آباد: پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے بانی ممبر سردار عامر جمیل نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان آزادکشمیر میں پارٹی پر نظر ثانی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے کچھ تحفظات مرکزی قیادت کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں۔

آزاد کشمیر کے دیگر بانی ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار عامر جمیل کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی سے جن باتوں پر ہم اختلاف کرتے تھے وہ آج ہماری جماعت میں بھی ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکٹ ایبلز کا نتیجہ سب نے دیکھ لیا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ان سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آٹھ سال سے آزادکشمیر میں پارٹی کے لیے کام کر رہے ہیں لیکن ہمیشہ نظر انداز کیے گئے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارٹی کے اندر انتخابات سے ڈکٹیٹر شپ کا خاتمہ کیا جا ئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کی قیادت منتخب ہو کر اوپر نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ اس مطالبے میں نیلم، کوٹلی، راولاکوٹ اور میرپور کے نمائندے بھی ہمارے ہم خیال ہیں اور جمہوریت کا حسن اسی میں ہے کہ پارٹی اراکین کی رائے کا احترام کیا جائے۔

بانی رکن پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیشہ فرینڈلی اپوزیشن کی مخالفت کی ہے لیکن آزادکشمیر میں آج خود تحریک انصاف فرینڈلی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔

بانی اراکین نے عمران کان سے بطور وزیراعظم آزاد کشمیر کا دورہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔


متعلقہ خبریں