راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے الیکشن کمیشن کے قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی کرنے لگے۔ شیخ رشید احمد اپنے بھتیجے کی انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد قومی اسمبلی کی نشست این اے 60 میں اپنے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی انتخابی مہم چلانے پہنچ گئے۔ شیخ رشید احمد ناشتوں کی آڑ میں اپنے بھتیجے کی انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہیں جب کہ الیکشن کمیشن تمام معاملے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔
شیخ رشید احمد اتوار کو ناشتے پر اپنے بھتیجے کی انتخابی مہم چلانے پہنچے تو ہم نیوز کی ٹیم کو دیکھ کر پریشان ہو گئے جب کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان نے ہم نیوز کی ٹیم کو کوریج سے مکمل طور پر روک دیا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے کے بھتیجے شیخ راشد شفیق قومی اسمبلی کی نشست این اے 60 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی 30 سے زائد حلقوں میں ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو ہوں گے۔