شہباز شریف کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے، اپوزیشن اراکین


اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اپوزیشن اراکین نے کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما راجہ ظفر الحق کی قیادت میں اپوزیشن وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے منسٹرز اینکلیو میں ملاقات کی۔ مسلم لیگ نون کے وفد میں عبدالغفور حیدری، رانا تنویر حسین، مرتضیٰ جاوید، ایازصادق، طاہرہ اورنگزیب شامل تھے۔

اپوزیشن اراکین نے مسلم لیگ نون کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری پر اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اور قومی اسمبلی کا اجلاس فوری بلانے کا مطالبہ کیا۔

اپوزیشن اراکین نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے ریکیوزیشن کی کاپی بھی اسپیکر کو پیش کی۔

راجہ ظفر الحق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے ریکیوزیشن اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جمع کرا دی ہے جس میں کہا ہے کہ قومی اسمبلی اجلاس بلا کر قائد حزب اختلاف کی گرفتاری پر بحث کرائی جائے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما ایاز صادق نے کہا کہ جب بھی عام انتخابات یا ضمنی انتخابات ہے تو مسلم لیگ نون کی قیادت کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ حکومتی اراکین کے بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ یہ انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو نیب نے صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا اور اُنہیں آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار کر لیا گیا۔


متعلقہ خبریں