کم آمدنی والوں کو رہائش کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ عمران خان


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کم آمدنی والے افراد کو مناسب رہائش کی فراہمی اور کچی آبادی والے علاقوں کے مسائل حل کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم ہاؤس میں 50 لاکھ گھروں کے منصوبے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے ہاؤسنگ کے مسائل حل کرنے کے علاوہ اقتصادی سرگرمیاں شروع ہوں گی جس کی وجہ سے روزگار کی تخلیق اور تعمیراتی و ہاؤسنگ سیکٹر سے منسلک شعبوں کو فروغ حاصل ہو گا۔

اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہاؤسنگ ٹاسک فورس کی مثبت کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں اس منصوبے کے ابتدائی مراحل کے طریقہ کار، اس پر عمل درآمد کے لیے قانون سازی اور ایک قابل اعتماد ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ون ونڈو کی سہولت فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں مختلف مالیاتی ماڈلز پر بھی غور کیا گیا جن کے ذریعے نجی سیکٹرز کی زیادہ سے زیادہ شراکت داری اور کم آمدنی والے لوگوں کے لیے گھریلو سہولتوں کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس چوہدری طارق بشیر چیمہ، وزیر پلاننگ خسرو بختیار، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیراعظم کے مشیرعبد الرزاق داؤد، وزیر ہاؤسنگ پنجاب محمود رشید، حکومت کے سینئر قومی اور صوبائی نمائندوں نے شرکت کی۔


متعلقہ خبریں