ملک میں امیر اور غریب کے لیے ایک ہی قانون ہو گا، خرم شیر


کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ اب ملک میں امیر اور غریب کے لیے ایک ہی قانون ہو گا، کرپشن کرنے والوں کو جیل جانا پڑے گا۔

حلقہ این اے 247 میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی وزیراعظم عمران خان کا شہر ہے اور اگر اس کے لوگ پریشان ہوں گے تو وزیراعظم خاموش ہو کر نہیں دیکھیں گے۔ عوام کو ان کے حقوق نہ ملے تو چھین لیے جائیں گے۔

صدر پی ٹی آئی کراچی نے شہر کی بربادی کا ذمہ دار پاکستان پیپلزپارٹی کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شہر پر گیارہ سال حکومت کی لیکن آج بھی بھٹو کے شہر میں لوگوں کے لیے پینے کا پانی نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے امیدواروں میں کام کرنے کا جذبہ ہے اور وہ کام کر کے دکھائیں گے۔

پریس کانفرنس میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار آفتاب صدیقی نے کہا کہ کراچی میں تقسیم آب کا طریقہ کار بھی درست نہیں ہے جس وجہ سے دو ہزار بائیس تک پانی آنا مشکل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی مدد سے ڈیفنس اور کلفٹن 10 ایم جی ڈی پانی کے لیے ڈی سیلینیشن پلانٹس لگائیں گے۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ری سائیکلنگ پلانٹس لگانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کا بھرپور طریقے سے تعاون کریں گے، وفاقی حکومت نے 50 ارب روپے کراچی کے لیے رکھے ہیں اور شہر کے لیے ٹاسک فورس بنا دی گئی ہے۔ وژن 2047 کے تحت کراچی میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کریں گے۔

آفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ چارسو گیلن سیوریج کا پانی سمندر میں چلا جاتا ہے۔ مسائل حل کرنے کے لئے وسائل ہیں صرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے ٹھیک طرح سے پلاننگ ہی نہیں کی گئی۔ چار سال سے میئر کراچی نے سوائے رونے کے اور کوئی خاص کام نہیں کیا۔

 


متعلقہ خبریں