جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی گورنر بلوچستان مقرر

جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی گورنر بلوچستان مقرر

کوئٹہ: صدر مملکت عارف علوی نے جسٹس (ر) امان اللہ خان یاسین زئی کو گورنر بلوچستان مقرر کر دیا۔

کیبینٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم عمران خان کے مشورے پر ان کی تقرری کی منظوری دی۔

بلوچستان ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس گورنر بلوچستان سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے۔

جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی سات اگست 1954 کو پیدا ہوئے، 1997 میں وہ بلوچستان ہائیکورٹ میں جج تعینات ہوئے۔ 14 ستمبر 2005 سے 5 اگست 2009 تک وہ بلوچستان ہائیکورٹ میں چیف جسٹس تعینات رہے۔

جنرل (ر) پرویز مشرف کی 3 نومبر 2007 کی ایمرجنسی کے بعد انہوں نے پی سی او کا حلف اٹھایا تھا۔

2009 میں ان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا گیا جس کے بعد وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

نئی حکومت کی آمد کے بعد سابق گورنر محمد خان اچکزئی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے، نئے گورنر کی نامزدگی میں تاخیر کی وجہ سے اسپیکر بلوچستان اسمبلی قدوس بزنجو قائم مقام صوبائی گورنر کی ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔


متعلقہ خبریں