سینیٹ ضمنی انتخاب: پی ٹی آئی نے نشست جیت لی

پی ٹی آئی نے سینیٹ نشست جیت لی

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ڈاکٹر شہزاد وسیم نے پنجاب سے سینیٹ کے ضمنی انتخاب  میں نشست جیت لی ہے۔

پنجاب اسمبلی میں ہونے والے انتخاب میں 353 ووٹوں میں سے 351 ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا جبکہ دو اراکین اسمبلی غیرحاضر رہے۔

ڈاکٹر شہزاد وسیم نے نے 181 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل خواجہ حسان 169 ووٹ لے سکے۔

یہ نشست گورنر پنجاب چوہدری سرور کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔

پنجاب اسمبلی میں پارٹی پوزیشن کے حساب سے پاکستان تحریک انصاف کے 184 ووٹ بنتے تھے لیکن ان کے امیدوار 181 ووٹ حاصل کر پائے۔

شہزاد وسیم نے انتخاب جیتنے کے بعد بات کرتے ہوئے عمران خان، گورنر پنجاب، وزیر اعلی پنجاب اور دیگر تمام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اراکین اسمبلی کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے کہا کہ رانا مشہود کو دماغی صدمہ ہوا ہے، گرمی کا موسم ختم ہوگیا ہے لیکن ان کو دماغی گرمی لگی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ووٹوں میں کوئی فرق نہیں پڑا، ضمنی انتخابات میں صاف اور شفاف الیکشن کرا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی مبارکباد

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈاکٹر شہزاد وسیم کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ شہزاد وسیم کی جیت وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں کی فتح ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہزاد وسیم کی جیت اس تبدیلی کی فتح ہے جس کی بنیاد عام انتخابات میں پاکستانی عوام نے رکھی۔

وزیراعلی پنجاب نے اس یقین کا اظہار کیا کہ شہزاد وسیم بھی نئے پاکستان کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح تحریک انصاف سینیٹ انتخاب میں کامیاب ہوئی ہے اسی طرح ضمنی انتخابات بھی جیتے گی۔

آج پولنگ کے دن مجموعی طور پر پنجاب اسمبلی کا ماحول پرسکون رہا۔

 

 


متعلقہ خبریں