کیمروں سے ہونے والے چالان بینک آف پنجاب میں جمع ہوں گے


لاہور: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے ہونے والے الیکٹرانک چالان بینک آف پنجاب میں جمع کرانے کا سسٹم فعال کر دیا گیا۔

سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق شہری آج بروز منگل دو اکتوبر سے فعال کیے گئے سسٹم کے تحت بینک آف پنجاب کی تمام شاخوں میں جرمانے کی رقم ادا کر سکتے ہیں۔

انتطامیہ کا کہنا ہے کہ ای چالان کے پہلے مرحلے میں شہریوں کو چالان جمع کروانے کے لیے دس دن کی مہلت دی گئی ہے شہری اپنا چالان 12 اکتوبر تک بینک میں جمع کرا سکیں گے۔

ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی نے ای چالان کے منصوبے کے خوش اسلوب انعقاد پر چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کی ذاتی کاوشوں کو سراہا، مزید برآں منصوبے میں سیکرٹری فنانس اور ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹی کی کوششوں کی بھی تعریف کی، ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ تمام اداروں کی کوششوں سے بر وقت فعال ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق ترجمان سیف سٹیزاتھارٹی جلد ہی ای چلاننگ سے متعلق آن لائن ایپلی کیشن متعارف کروا رہی ہے جس کے ذریعے شہری اپنے رجسٹریشن نمبر پر جاری کیے گئے چالان کی معلومات اس ایپ کی رسائی سے حاصل کر سکیں گے۔

ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ وہ جلد ہی نیشنل بینک میں بھی چالان جمع کرانے کے آغاز کا بھی اعلان کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ای چالان منصوبے کے تحت روزانہ کی بنیاد پر پانچ ہزار چالان گھروں میں بھجوائے جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں