شیخ رشید نے بیرون ملک پاکستانیوں سے تحفہ مانگ لیا

شیخ رشید نے بیرون ملک پاکستانیوں سے تحفہ مانگ لیا | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور سے فیصل آباد تک نان اسٹاپ ٹرین کا افتتاح کرتے ہوئے بیرون ملک پاکستانیوں سے اپیل کی ہے دھند کا موسم آنے سے پہلے دھند میں دیکھنے والے آلات ریلوے کو تحفتا بھیجیں۔

لاہور میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے میں بہتر سہولیات کے لیے کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ریلوے کامیاب ہوگی تو انڈیا کو شکست دے سکیں گے۔

وزیر ریلوے نے ٹرین کو سی پیک منصوبہ کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے گوادر تک جائے گی، حویلیاں کاشغر تک بھی ریل لے کر جائیں گے۔

شیخ رشید نے اعلان کیا کہ 16 تاریخ کو سکھر سے موہن جودڑو تک بھی نئی ٹرین کا افتتاح کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر آتے جاتے رہتے ہیں لیکن ترقی نہیں رکنی چاہیے۔ وزیر ریلوے نے اس حکمت عملی کا اپنی زندگی کا مشن قرار دیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں نے وعدہ کیا تھا کہ دو ماہ تک کوئی تبادلہ نہیں ہو گا، میں چاہتا ہوں کہ ریلوے کے تمام ملازمین کا ایک گریڈ بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں وہ وزیر نہیں جو پیپسی کے ریٹ پوچھتا رہوں، میں وعدہ کرتا ہوں انڈر کپیسٹی کی حالت بہتر ہو گی۔ ہم وائی فائی اور ٹریکنگ پر بھی کام کررہے ہیں۔

وزیر ریلوے نے تمام ورکرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے افسران اور ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے کم وقت میں اچھا کام کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے جب بھی وزیر اعظم ملتے ہیں میں ریلوے کی بہتری کی بات کرتا ہوں۔ عمران خان صاحب کو عنقریب بریفنگ دی جائے گی جس میں اہم فیصلے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں