نوید مختار سمیت پانچ لیفٹیننٹ جنرل آج ریٹائر ہو رہے ہیں


اسلام آباد: لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سمیت پانچ تھری اسٹارز جنرلز آج پاک فوج سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔

پاک فوج میں اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہونے والوں میں ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ، کمانڈر آرمی اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل میاں محمد ہلال حسین، ملٹری سیکرٹری جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) لیفٹننٹ جنرل غیور محمود اور انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان شامل ہیں۔

ڈی جی آئی ایس آئی نے 1983 میں پارک آرمی میں کمیشن حاصل کیا۔ نوید مختار نے کوئٹہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویشن کیا۔

پاکستانی خفیہ ادارے کی سربراہی کے فرائض سرانجام دینے والے لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار امریکہ کے وار کالج میں بھی زیر تعلیم رہے۔

نوید مختار ڈائریکٹر جنرل رینجرز کے عہدے پر بھی فائز رہے جب کہ ستمبر 2014 میں کراچی کے کور کمانڈر کے طور پر ذمہ داری سنبھالی اور سات دسمبر 2016 تک اس عہدے پر تعینات رہے۔

گیارہ دسمبر 2016 کو ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کے عہدے پر فائز ہونے والے نوید مختار نے تقریبا دو برس اس ادارے کی سربراہی کے فرائض سرانجام دیے۔


متعلقہ خبریں