ایشیا کپ 2018 فائنل: بھارت اور بنگلہ دیش کا ٹاکرا آج

بھارت کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ | urduhumnews.wpengine.com

دبئی: ایشیا کرکٹ کپ 2018 کے فائنل میں آج بھارت اور بنگلہ دیش آمنے سامنے ہوں گے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے شروع ہوگا۔

دونوں ٹیمیں 2016 میں ہونے والے ایشیا کپ کے فائنل میں بھی مدمقابل آئیں تھیں جس میں بھارت نے بنگلہ دیش کو ہرا دیا تھا۔

بنگلہ دیش تیسری بار ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچا ہے تاہم ٹرافی حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ قبل ازیں 2012 میں پاکستان اور 2016 میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بھارتی ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔ سپر فور مرحلے کے دو میچز میں کامیابی اور ایک میچ برابر کھیل کر پانچ پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش سپر فور مرحلے میں پاکستان اور افغانستان کو شکست دے کر فائنل تک پہنچا ہے۔

رواں برس بنگال ٹائیگرز ٹرافی پانے کے لیے پر اعتماد دکھائی دیتے ہیں لیکن فائنل میں تمیم اقبال اور شکیب الحسن ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

بھارت نے افغانستان کے ساتھ ہونے والے سنسنی خیز مقابلے میں کپتان روہت شرما اور اوپنر شیکھر دھون سمیت دیگر اہم  کھلاڑیوں کو آرام دیا تھا، ان کی اب فائنل میں واپسی ہوگی۔

بھارت چھ مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت چکا ہے اور ساتویں بار اس کا سامنا قدرے کمزور ٹیم بنگلہ دیش سے ہوگا۔


متعلقہ خبریں