ایڈن سوسائٹی سے میرے بچوں کا کوئی تعلق نہیں، افتخار چوھدری


اسلام آباد: سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کا کہنا ہے کہ ان کے داماد کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے نہیں بلکہ انٹرپول نے گرفتار کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اطلاعات فواد چوھدری کا بیان جھوٹ پر مبنی ہے، ایڈن سوسائٹی میں میری بیٹی اور بیٹے کا کوئی کردار نہیں ہے، میرے داماد کے پاس کینیڈا کی شہریت ہے اور وہ پاکستان نہیں آتے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیر اطلاعات کو غلط بیانی پر نوٹس بھیج رہے ہیں جس میں ان کے خلاف آرٹیکل 62 کی کارروائی کے لیے درخواست دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چونکہ میں نے عمران خان کے خلاف بیٹی تسلیم نہ کرنے کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے لہٰذا میری بیٹی اور داماد پر جھوٹا کیس بنا کر جوابی حملہ کیا جا رہا ہے۔

افتخار چوھدری کا کہنا تھا  کہ نیب نے نواز شریف کے خلاف کیس میں نااہلی دکھائی۔ سابق صدر پرویز مشرف کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کا پاسپورٹ بلاک کر کے پاکستان لایا جانا چاہیے۔

وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیاں اور بھینسیں فروخت کرنے والے معاملے پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گھر کے برتن اور پرانے کپڑے بیچ کر گھر نہیں چلتے۔


متعلقہ خبریں