ایشیا کپ: پاکستان کے پاس فائنل کیلیے آخری موقع

ایشیا کپ: پاکستان کے پاس فائنل کیلیے آخری موقع | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: ایشیا کرکٹ کپ 2018 میں سپر فور مرحلے کا چھٹا اور آخری میچ آج پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا جس کی اہمیت سیمی فائنل سے کم نہیں ہے۔ ایونٹ میں بنگلہ دیش اور پاکستان کی ٹیمیں پہلی بار مدمقابل آرہی ہیں۔

دونوں ٹیمیں جیت کے جذبے سے میدان میں اتریں گی اور امید کی جارہی ہے کہ شائقین کو سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 35 ایک روزہ میچ کھیلے گئے ہیں۔ بنگلہ دیش صرف چار میچ ہی جیت سکا ہے جب کہ پاکستان 31 میں فاتح رہا ہے۔

دونوں ٹیموں کی سابقہ کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایشیاکپ 2018 کے فائنل میں پاکستان کا سامنا ایک بار پھر بھارت سے ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹورنامنٹ میں دو بار آمنے سامنے آ چکی ہیں اور دونوں میچز میں بھارت فاتح رہا ہے۔

ابوظہبی کرکٹ گراؤنڈ کی پچ اسپینرز کے لئے سازگار قرار دی جارہی ہے تاہم دیکھنا ہو گا کہ پاکستانی کپتان کس مجموعہ کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں۔

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلہ میں پاکستان نے دو میچز کھیلے ہیں۔ ایک میچ میں ناکامی ہوئی جب کہ افغانستان کے خلاف فاتح رہا۔ بنگلہ دیش نے اب تک ایک میچ کھیلا ہے جس میں افغانستان کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹرانضمام الحق ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے دبئی پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے کھلاڑیوں اور کپتان سے ملاقاتیں کی ہیں۔

آج کا میچ شیخ زید اسٹیڈیم ابوظہبی میں پاکستانی وقت کے مطابق شام  ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا۔ میچ کی فاتح ٹیم 28 ستمبر کو بھارت کے ساتھ فائنل کھیلے گی۔

 


متعلقہ خبریں