خواتین کی اسمگلنگ سمیت اہم مقدمات کی سماعت آج

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سپریم کورٹ میں جعلی شادیوں کے ذریعہ خواتین کی افغانستان اسمگلنگ، لاپتہ افراد، انتخابی عذرداریوں سمیت اہم مقدمات کی سماعت آج ہو رہی ہے۔

سپریم کورٹ میں آج اہم مقدمات کی سماعت دو بینچ کر رہے ہیں جس میں پہلا بینچ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں مقدمات کی سماعت کرے گا۔ بینچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس اعجاذ الاحسن اور جسٹس عمر عطا بندیال شامل ہیں۔

دوسرا بینچ جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں مقدمات کی سماعت کرے گا۔ جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اختر بینچ کا حصہ ہوں گے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے رجسٹرار کی جانب سے جاری کردہ مقدمات کی کاز لسٹ کے مطابق لاپتہ افراد اور لاپتہ بچوں سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت آج ہو رہی ہے۔

انتخابی عذرداری سے متعلق مقدمے کی سماعت بھی آج ہی ہو رہی ہے، این اے 112 میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت بھی ہو گی۔

کرکٹر خالد لطیف کی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حوالے سے ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل پر بھی سماعت آج ہو گی جب کہ شاہین ائیرلائن کی پرواز میں تاخیر اور بحریہ ٹاون راولپنڈی کی جانب سے ڈڈھوچہ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت بھی آج سپریم کورٹ میں ہو گی۔

مظفر گڑھ میں محکمہ اوقاف کی زمین سے متعلق کیس، ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کے سابق چئیرمین کے خلاف ازخود نوٹس کیس اور مارگلہ ہل میں درختوں کی کٹائی سے متعلق کیس کی سماعت آج ہو رہی ہے۔

جعلی شادیوں کے ذریعے خواتین کی افغانستان اسمگلنگ سے متعلق کیس بھی آج سنا جائے گا۔

فوجی عدالتوں سے سزائے موت کے خلاف درخواستوں اور حد قذف آرڈیننس سے متعلق مقدمہ کی سماعت بھی آج ہو گی۔


متعلقہ خبریں