سوگ میں ہیں، احتجاج کی طرف جائیں گے، رانا مشہود


لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود احمد خان نے واضح ’اشارہ‘ دیا  ہے کہ ابھی ہم بیگم کلثوم نواز کے سوگ میں ہیں، اس کے بعد احتجاج کی طرف جائیں گے۔

جاتی امرا میں ذرائع ابلاغ سے گفت و شنید کے دوران انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام سپریم کورٹ کے حکم کے بعد باضابطہ طور پر قانون سازی کے نتیجے میں بنا تھا۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا بلدیاتی اداروں میں تبدیلی صرف پنجاب کی ضرورت ہے؟ انہون نے استفسار کیا کہ باقی صوبوں میں کیوں نہیں چھیڑ چھاڑ کی جارہی ہے؟

رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نا تجربہ کاری کا مظاہرہ کررہے ہیں اوروزیراعلیٰ پنجاب کٹھ پتلی ہیں جنہیں محض استعمال کیا جارہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا مؤقف تھا کہ لوگوں کو گورنر ہاؤسز کے پیچھے لگا کر بجلی و گیس کے بلوں میں اضافہ کردیا گیا۔

ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ اگر ہماری حکومت نے 40 ارب روپے کے قرضے حاصل کئے تو 70 ارب روپے کے قرضے واپس بھی کئے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ تمام تر کام صرف ہماری حکومت میں ہوئے ہیں۔

پی ایم ایل (ن) کے رہنما نے کہا کہ موجودہ حکومت کار اور لینڈ مافیا ہے جب کہ ہماری حکومت میں ٹیکس دینے والوں میں اضافہ ہوا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود احمد خان نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت کا ایک ماہ لوٹ مار کا بدترین دور رہا ہے۔


متعلقہ خبریں