اڈیالہ جیل سے تصویر لیک ہونے کا معاملہ، کئی افسر معطل

تصویر لیک ہونے کا معاملہ،ڈی آئی جی کلئیر قرار، دیگر پولیس افسران معطل|humnews.pk

راولپنڈی: نوازشریف کی رہائی کے وقت حنیف عباسی کی جیل سپرنٹنڈنٹ کے دفتر میں موجودگی اور اس کی تصویر لیک ہونے پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی)  فرخ اعجاز اور اسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی) ساجد علی کو معطل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جیل خانہ جات نوید رؤف کلئیر قرار دے دیے گئے ہیں لہٰزا وہ اپنے عہدے پر موجود رہیں گے۔

اس معاملے پر اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ سعید اللہ گوندل، وارڈن محمد امتیاز اور محمد ارشد کو بھی دو رکنی تحقیقاتی ٹیم کی سفارش پر معطل کر دیا گیا ہے۔

نوید رؤف نوازشریف اور حنیف عباسی کی تصویر میں نظر آرہے تھے مگر تحقیقاتی ٹیم نے انہیں بے قصور قرار دے کر سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کو قصوروار قرار دیا۔

چند روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائی کے وقت جیل میں ایک تصویر لی گئی تھی جس میں حنیف عباسی بھی موجود تھے تاہم جب تصویر سوشل میڈیا پر پھیل گئی تو حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔


متعلقہ خبریں