سرفراز کو آسٹریلیا کے خلاف آرام دیے جانے کا امکان


لاہور: سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق کی زیرسربراہی قومی سلیکشن کمیٹی کپتان سرفراز احمد کو اگلے ماہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں آرام دینے پر غور کر رہی ہے۔

ہم نیوز کو با اعتماد ذرائع نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی فارم کی مکمل بحالی اور تازہ دم ہونے کے لیے سرفراز کو ایک یا دونوں ٹیسٹ میچوں میں آرام دینا چاہتی ہے۔

سلیکشن کمیٹی سرفراز احمد کی جانب سے جواب کی منتظر ہے، اگر وہ اس تجویز پر راضی ہو جاتے ہیں تو ان کی جگہ محمد رضوان کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ 

سرفراز احمد کی جگہ کپتان کا انتخاب ابھی تک نہیں کیا جا سکا تاہم امکان ہے کہ قرعہ فال اسد شفیق کے نام نکلے گا۔ اسد کو آسٹریلیا کے خلاف بھی اے ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز اکتوبر کے پہلے ہفتے سے ہو گا، آسٹریلیا اس سیریز کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر چکا ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔ 

وکٹ کیپربلے باز ٹم پین آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایرون فنچ، عثمان خواجہ، ٹریوس ہیڈ، پیٹر سیڈل، جان ہولاند، ایشٹن اگر، نیتھن لیون، مچل اسٹارک، مچل مارش، شان مارش، مچل نیسر، میٹ رینشو، مارنس لیبس ہینگ اور برینڈن ڈوگٹ شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں