مقبوضہ کشمیر:24 گھنٹوں میں مزید پانچ شہادتیں


سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج نے ریاستی ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید تین بے گناہ اورنہتے کشمیریوں کو شہید کردیا۔ قابض بھارتی افواج گزشتہ 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں پانچ مظلوم کشمیریوں کو جام شہادت نوش کراچکی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہادتیں ڈسٹرکٹ کپواڑہ میں ہوئیں جہاں بھارتی افواج گھرگھر تلاشی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ گزشتہ روز بھی تلاشی کے دوران ہی دو نہتے اور بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو قابض بھارتی افواج نے شہید کیا تھا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق کپواڑہ کے علاقے ٹنگدھار میں گزشتہ روز سے محاصرے کا سلسلہ جاری ہے۔ قابض بھارتی افواج کا ایک سپاہی بھی اس دوران جان کی بازی ہارا ہے۔

بھارتی افواج نے گزشتہ کافی عرصے سے یہ سلسلہ شروع کررکھا ہے کہ وہ محاصرے کے دوران نوجوان کشمیریوں کو اغوا کرتی ہے اور پھر انہیں تشدد اوربہیمانہ ریاستی ظلم و ستم کانشانہ بنانے کے بعد شہید کردیتی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 45 سالہ مشتاق احمد میر کو نامعلوم ماسک چڑھائے ہوئے افراد نے گھر سے اغوا کیا اورآج گولیاں مار کرنعش باغ میں پھینک دی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف باندی پورہ اورپلوامہ میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پہ ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

باندی پورہ اور ترال میں جمعہ کے دن بھارتی افواج نے چھ بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔ اس ظلم کے خلاف علاقے میں ہڑتال کی گئی ہے۔

چیئرمین آل پارٹیز حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے سری نگر میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں اینڈ کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اینڈ سالویشن موومنٹ نے بھی اپنے ایک بیان میں پاکستان اوربھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔


متعلقہ خبریں