اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان واضح اور دوٹوک موقف رکھتا ہے جس سے وہ کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے رہنما بیرسٹر سلطان محمود سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کے لیے سب سے اہم ہے جس کے حل کے لیے ہر فورم تک جائیں گے اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔
بیرسٹر سلطان محمود سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے اقوام عالم کے ہر فورم پر کشمیریوں کی بھرپورنمائندگی کی جائے گی اور ہم اپنے موقف پر ہمیشہ قائم رہیں گے۔
وزیرخارجہ نے اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کشمیریوں کی نمائندگی یقینی بنائی جائے گی اور ہر سطح پر ان کے موقف اور نظریے کی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف کشمیریوں کا ہی نہیں بلکہ پاکستان کا بھی مسئلہ ہے کیونکہ پاکستان ہمیشہ سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے اور کرتا رہے گا۔