رائےونڈ: کراچی سے لاہور جانے والی 15 اپ ٹرین کی ایک بوگی رائے ونڈ کے مقام پر پٹڑی سے اتر گئی جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ترجمان ریلوے کے مطابق بوگی کے پٹری سے اترنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ریلوے حکام نے واقعہ کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔
ترجمان نے کہا ہے کہ کراچی ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کے بعد ریلوے ٹریفک کو ایک گھنٹے میں بحال کر دیا گیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ ٹریک کی مرمت کا کام بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
اس سے پہلے بھی کراچی سے پشاور جانے والی ٹرین خوشحال خان ایکسپریس کا انجن اور سات بوگیاں میانوالی کے قریب پٹری سے اتر گئی تھیں جس کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ حادثہ میانوالی کے سوہان پل اور مکھڈ اسٹیشن کے درمیان پیش آیا تھا۔