نوازشریف رہائی: جاتی امرا میں مبارکباد دینے والو کا تانتا


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف، اُن کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی اسلام آباد ہائی کورٹ سے سزاؤں کی معطلی کے  نتیجے میں رہائی کے بعد مبارک باد دینے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ 

مسلم لیگ نون کے رہنماؤں اور سیاسی وسماجی شخصیات کی جاتی امرا آمد کا سلسلہ جاری ہے، سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ کے سنئیر رہنما عبد القادر بلوچ بھی جاتی امرا پہنچے۔

جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ  ہمارے قائد سیاسی قید سے رہا ہو کر آئے ہیں یہ ہمارے لیے یادگار دن ہے۔ 

عبد القادر بلوچ نے کہا کہ ہمیں شہباز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے اور ان کی رہنمائی بھی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی عدالتی جنگ جاری رہے گی اور ہم امید کرتے ہیں کہ فیصلہ مسلم لیگ نون کے حق میں ہی آئے گا۔ 

دریں اثناء سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال بھی جاتی امرا تشریف لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے سے حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے۔

رانا اقبال نے کہا کہ نواز شریف کی رہائی کسی ڈیل کے نتیجے میں نہیں ہوئی یہ سب بے بنیاد باتیں ہیں۔ آئندہ آنے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ نون کو فتح حاصل ہو گی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر خصوصی طیارے کے ذریعے بدھ کو اولڈ ایئر پورٹ لاہور پہنچے جہاں سے وہ بذریعہ رنگ روڈ جاتی امرا گئے۔ 


متعلقہ خبریں