غیر مسلموں کی شہدائے کربلا سے منفرد عقیدت

ملک بھر میں یوم عاشورہ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

عمرکوٹ: صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ غیر مسلم بھی عاشقان حسینؓ میں شامل ہیں جو ہر سال عزاداری اور مجالس میں شرکت کے ساتھ نذرونیاز بھی کرتے ہیں۔

محرم الحرام کا مہینہ شروع ہوتے ہی مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلم بھی یاد حسینؓ میں شامل ہو جاتے ہیں۔ سندھ کے ضلع عمر کوٹ سمیت صوبہ کی ہندو برادری محرم الحرام میں ہونے والی عزاداری کے ساتھ ساتھ مجالس میں شریک ہوتی ہے۔

ہندوبرادری کی شرکت کے حوالے سے عزاداروں کا کہنا تھا کہ ابن علیؓ نے احسان صرف اسلام پر ہی نہیں بلکہ انسانیت پر کیا ہے اس لیے ہر انسان حسینؓ سے محبت کرتا ہے۔

سندھ کی ہندو برادری محرم الحرام کے دوران امام حسینؓ کی نیاز اور سبیلوں کے علاوہ دس محرم الحرام کی مجالس کا اہتمام بھی کرتی ہے جب کہ اپنے گھروں پر علم بھی لگاتے ہیں۔

سندھ میں ہندو عقیدتا محرم الحرام میں شادی بیاہ بھی نہیں کرتے اور اگر اس دوران کوئی غمی کا واقعہ ہو جائے تو اپنی کئی رسمیں بھی ادا نہیں کرتے۔ کئی ہندو محرم الحرام کے حوالے سے احتراماً کالا لباس بھی زیب تن کرتے ہیں۔

حیدرآباد کے شیخ محلے سے نو محرم الحرام کو ہندو برادی کی جانب سے جلوس نکالا جاتا ہے۔ عمر کوٹ میں تو کئی ایسے ہندو بھی موجود ہیں جو خود کو حسینی ہندو کہلواتے ہیں۔

ہر مذہب اور مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی حضرت امام حسینؓ سے محبت اس بات کی گواہی دیتے ہے کہ شہدائے کربلا کی قربانی صرف عالم اسلام ہی نہیں بلکہ انسانیت کے لیے بھی تھی۔


متعلقہ خبریں