نیب میں اصلاحات کی ضرورت ہے، صداقت علی عباسی


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ  نیب میں کافی کمزوریاں ہیں، نیب پہلے سے بہتر ہوا ہے لیکن ابھی بھی اس میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے، نیب نے مضبوط کیس تیار نہیں کیا۔

ہم نیوزکے پروگرام ’نیوزلائن‘ میں ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شاید نیب کی طرف سے ٹھیک دلائل پیش نہیں کیے گئے اس لیے نواز شریف کی رہائی ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بہت سے سازشی نظریات پھیل جاتے ہیں، مثلاً ہم نے سنا تھا کہ انتخابات نہیں ہوں گے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ کسی حالت میں بھی کرپشن پر معافی نہیں ہے، سب کا احتساب ہو گا۔

ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ احتیاط سے حق اور سچ کی باتیں کریں کیونکہ کل کو جب دوبارہ فیصلہ آئے گا تو انہیں موقف بدلنا پڑے گا۔

پروگرام میں موجود ماہر قانون راجہ عامر عباس نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ نیب میں موجود بہت سے لوگ ایسے ہیں جن کا تعلق سیاست سے ہے۔

راجہ عامر عباس نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو تبدیلی پر ووٹ ملا ہے، انہوں نے این آر او کا امکان رد کیا تھ اور اب اگر کوئی سمجھوتہ ہوتا ہے تو یہ تحریک انصاف کے لیے بہت سنجیدہ بات ہو گی۔

پروگرام میں شریک پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما علی پرویز ملک نے کہا کہ آج آنے والے فیصلے پر وہ اللہ کا شکرادا کرتے ہیں۔ اس سے پارٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اب ہم اپنے قائد کا جم کر دفاع کریں گے۔

ماضی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ عوامی فیصلے کی عزت کرتے ہیں اس لیے انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو کے پی میں حکومت کرنے کا موقع دیا تھا۔


متعلقہ خبریں