جرمنی: جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے داخلہ انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ کو ان کے عہدے سے ہٹادیا۔ چانسلر کے دفتر سے جاری کردہ مختصر اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ انہیں دوسری ذمہ داری تفویض کی جائے گی۔
عالمی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق جرمن انٹیلی جنس ایجنسی ’BFV‘ کے ڈائریکٹر کو جرمن چانسلر اینگلا مرکل سے مہاجرین کے خلاف تششد کے حوالے سے پیدا ہونے والے اختلافات کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے۔
خبررساں ایجنسیوں کے مطابق اینگلا مرکل کے دفتر سے جو اعلامیہ جاری کیا گیا ہے اس میں کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے اورصرف کہا گیا ہے کہ ’Hans-Georg Maassen‘ کو وزارت داخلہ ہی میں ایک دوسرے منصب پر فائز کیا جائے گا۔
عالمی خبررساں ایجنسیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایجنسی کے ڈائریکٹر کی تبدیلی اس بات چیت کے بعد سامنے آئی ہے جو جرمن چانسلر نے اپنی اتحادی جماعتوں سے کی۔ خبررساں ایجنسیوں کے مطابق حکمراں اتحادی جماعتیں اس اقدام کو قدامت پسندوں کی شکست سے تعبیر کررہے ہیں۔
مشرق وسطیٰ کے العربیہ ڈاٹ کام نے برلن میں موجود ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بائیں بازو کے سوشل ڈیموکریٹس اور اینگلا مرکل کی جماعت کے بعض لوگ داخلہ انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر ماسین کی برطرفی کے خواہاں تھے۔
برلن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ ماسین کا کچھ عرصہ قبل ملک کے مشرقی شہر کیمنٹس میں مہاجرین مخالف عناصر کی جانب سے پرتشدد کارروائیوں پر حرکت میں نہ آنا تھا۔
ماسین نے 2012ء میں یہ منصب سنبھالا تھا۔ العربیہ کے مطابق ان پر دائیں بازو کی جماعت کے ارکان کے ساتھ رابطوں کا الزام تھا جس کی انہوں نے تردید کی تھی۔