شراب برآمدگی کیس میں شرجیل میمن شریک جرم قرار

Sharjeel-Memon

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کو شراب برآمدگی کیس میں شریک جرم قرار دے دیا گیا ہے۔

جوڈیشیل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت جمع کرائے گئے چالان میں بتایا گیا ہے کہ پی پی رہنما اسپتال کے وی آئی پی کمرہ نمبر 4013 میں زیرعلاج تھے اور ان کے کمرے سے تین بوتلیں برآمد ہوئیں۔

عدالت میں جمع چالان کے مطابق تین میں سے ایک بوتل میں شراب پائی گئی لیکن  ملزمان کی جانب سے مال مقدماتی میں ردو بدل کیا گیا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم شکردین، مشتاق علی اور محمد جام نے مال مقدماتی میں ردو بدل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ شراب  کی بوتل کوڑے دان میں پھینکی گئی تھی۔

چالان میں بتایا گیا سی سی ٹی وی فوٹیج میں مشکوک سرگرمیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے یکم ستمبر کو کراچی کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ملزمان پر چھاپے مارے، اس دوران کرپشن کیس کا سامنا کرنے والے شرجیل میمن کے کمرے سے شراب برآمد ہوئی تھی۔

شراب کی بوتلیں برآمد ہونے کے بعد سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کو سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا اور پی پی رہنما کے خون کے نمونے ٹیسٹ کے لیے بھجوائے گئے تھے۔

 آغا خان اسپتال کی لیبارٹری کی تصدیق شدہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سابق صوبائی وزیر شرجییل انعام میمن کے خون میں شراب کا عنصر نہیں پایا گیا۔


متعلقہ خبریں